پاکستان نے اقوام متحدہ میں افغان سرزمین سے دہشتگردی کا معاملہ اٹھا دیا

گزشتہ تین برس کے دوران افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے نتیجے میں 4 ہزار 700 سے زائد پاکستانی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

November 22, 2026 · قومی
پاکستان نے اقوام متحدہ میں افغان سرزمین سے دہشتگردی کا معاملہ اٹھا دیا

پاکستان نے اقوام متحدہ میں افغان سرزمین سے دہشتگردی کا معاملہ اٹھا دیا

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے عالمی ادارے کی سلامتی کونسل کی انسداد دہشتگردی اور عدم پھیلاؤ سے متعلق کمیٹیوں کے سربراہان کو بریفنگ کے دوران افغانستان سے جنم لینے والے دہشتگردی کے خطرے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

19 نومبر کو ہونے والی بریفنگ میں پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں صفِ اول کا ملک رہا ہے اور اس جدوجہد میں 90 ہزار سے زائد جانیں قربان کر چکا ہے، جبکہ ملکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔

سید حیدر شاہ کے مطابق گزشتہ تین برس کے دوران افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے نتیجے میں 4 ہزار 700 سے زائد پاکستانی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ داعش خراسان، تحریک طالبان پاکستان اور اس سے منسلک گروہ، بلوچستان لبریشن آرمی، مجید بریگیڈ اور ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ افغانستان سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان نے الزام عائد کیا کہ ان گروہوں کو افغانستان میں سرپرستی اور پاکستان کے ایک بڑے مخالف کی حمایت حاصل ہے۔

پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ دہشتگرد تنظیموں کے خلاف پابندیوں کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور کسی بھی تنظیم کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے یا نکالنے کا عمل شفاف، غیر جانبدار اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو دہشتگردی کے خلاف اقدامات میں انتہا پسند دائیں بازو کی تحریکوں، نسل پرستی، اجنبیوں سے نفرت اور اسلاموفوبیا پر مبنی پرتشدد سرگرمیوں کو بھی شامل کرنا چاہیے، کیونکہ ایسے نظریات اقلیتوں اور کمزور طبقات کو نشانہ بنانے والے حملوں کا سبب بن رہے ہیں۔

سید حیدر شاہ نے سوشل میڈیا، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کی مؤثر نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ذرائع کو دہشتگردوں کی بھرتی، آن لائن انتہا پسندی، نفرت انگیز مواد، پروپیگنڈے اور مالی معاونت کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ضروری ہے۔

پاکستان نے عالمی برادری سے دہشتگردی کے خلاف تعاون بڑھانے، متاثرہ ممالک کی استعداد کار میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں معاونت فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

پاکستانی مندوب نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو غیر ریاستی عناصر تک پہنچنے سے روکنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر ملک کو عالمی ذمہ داریوں کے تحت جوہری اور دوہرے استعمال کی ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال کا ناقابلِ تنسیخ حق حاصل ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ذیلی اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور کمیٹیوں کے سربراہان کی بروقت تقرری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔