پیٹرولیم ڈیلرز کا کاروبار بند کرنے کا الٹی میٹم
قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیاد پر کرنے کا مطالبہ، 15 دن کی مہلت
پیٹرولیم ڈیلرز کا کاروبار بند کرنے کا الٹی میٹم
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر تعینات نہ کرنے کی صورت میں کاروبار بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
کراچی میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش، وائس چیئرمین طارق حسن، رہنما انور کمال، صدر سندھ ریجن امیر خان اور صدر کراچی ریجن سعید خان نے حکومت کو اس مسئلے کے حل کے لیے 15 دن کی مہلت دی ہے۔
رہنماؤں نے واضح کیا کہ یومیہ بنیاد پر پیٹرولیم قیمتوں کے تعین سے پیٹرول پمپ مالکان کا سرمایہ مسلسل ختم ہو رہا ہے، جس کے باعث پیٹرول پمپس سے فیول ختم ہونے کا اندیشہ ہے اور اس صورتحال میں امن و امان کا بحران بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران مطالبہ کیا گیا کہ حکومت فوری طور پر ڈیلرز مارجن کو بڑھا کر 8 فیصد کرے کیونکہ موجودہ اقتصادی حالات میں روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل ڈیلرز کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔
ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز قومی خزانے میں یومیہ 5 ارب 74 کروڑ روپے جمع کراتے ہیں، لیکن روزانہ قیمتوں میں تبدیلی سے ان کا ورکنگ کیپیٹل شدید متاثر ہو رہا ہے۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ ریفائنریوں نے پیٹرولیم اور ڈیزل کی سپلائی میں کمی کر دی ہے جبکہ ایک ریفائنری نے ڈیزل کی فراہمی مکمل طور پر بند کر دی ہے۔ ڈیلرز کا مؤقف ہے کہ ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ماہانہ قیمتوں کے طریقہ کار کی سہولت حاصل ہے، لہذا پیٹرولیم ڈیلرز کو بھی یکساں بنیادوں پر یہ سہولت فراہم کی جائے۔