حکومت سے معاہدے پر اتفاق، 29 نومبر کو اگلے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا، حافظ نعیم

بجلی کے بلوں میں 30 فیصد کمی کا دعویٰ، لیوی سے متعلق آئندہ بجٹ تک ورکنگ مکمل کرنے پر اتفاق

November 26, 2026 · قومی

حکومت سے معاہدے پر اتفاق، 29 نومبر کو اگلے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا، حافظ نعیم

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے، تاہم چند مطالبات پر تاحال قائم ہیں، 29 نومبر کو مینار پاکستان لاہور میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، ہماری کمیٹی نے بہترین کام کیا، حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف پیکیج میں دو کروڑ افراد شامل ہوچکے ہیں اور انہیں اچھے طریقے سے ریلیف مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ریلیف بڑھانے پر اتفاق ہوگیا ہے، جبکہ ساڑھے بارہ ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں اور کاشت کاروں کو ٹریکٹرز کی مد میں بھی ریلیف ملے گا۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ لیوی کم کرنے پر تفصیلی بات ہوئی ہے، لیوی پر ونڈ فال کا اثر 80 روپے سے کم ہوکر 63 روپے تک آگیا ہے۔ لیوی سے متعلق بجٹ تک ورکنگ مکمل کرلی جائے گی اور اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہیں بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تسلیم کرلیا ہے کہ 1600 سی سی سے زائد گاڑیاں سرکاری استعمال میں نہیں لائی جائیں گی۔ آئی پی پیز سے متعلق معاہدے میں بھی یہ بات لکھوائی گئی ہے، آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کے باعث بجلی کے بلوں میں 25 فیصد کمی ہوئی، جبکہ دو سال میں بجلی کے بلوں میں مجموعی طور پر 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ معاہدے پر اتفاق ضرور کیا ہے، لیکن متعدد مطالبات پر بدستور قائم ہیں۔ عمل درآمد کمیٹی معاہدے پر نظر رکھے گی، ہم گھر نہیں بیٹھیں گے، ایک ریلیف حاصل کرنے کے بعد دوسرے ریلیف کے لیے بھی سڑکوں پر نکلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے اخراجات کم کرے گی اور سود کے خاتمے کی جانب اقدامات کیے جائیں گے۔ بینکوں کے سود کے خلاف بھی سڑکوں پر نکلیں گے۔

ملک میں مہنگائی سے متعلق حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گندم پورے ملک میں مہنگی سے مہنگی ہوتی جارہی ہے۔ حکومت کے چار مطالبات مان لینے کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارے تمام مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 29 نومبر کو لاہور میں مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ ہوگا، جہاں آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کا خاتمہ ہو۔

حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا مالکان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ میڈیا ورکرز کو ان کے حقوق دیں، جبکہ بلوچستان کے حالات سب کے سامنے ہیں۔

قبل ازیں حکومت اور جماعت اسلامی کے وفود کے درمیان ملاقات ہوئی۔ جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کی، جس میں نائب امیر لیاقت بلوچ، سید فراست علی شاہ، عنایت اللہ خان اور دیگر رہنما شامل تھے۔

حکومتی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احسن اقبال، علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے۔