خانسپور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کیخلاف بڑا احتجاج
یونین کونسل بیروٹ کے عوام کی ریلی۔ جی ڈی اے کیخلاف شدید نعرے بازی۔ شاہراہِ کشمیر بلاک کرنے کا الٹی میٹم۔
خانسپور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کیخلاف بڑا احتجاج
ایبٹ آباد / بیروٹ (نمائندہ امت) گلیات سے متصل سرکل بکوٹ کے علاقے ایوبیہ خانسپور گراؤنڈ میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے متنازع سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے خلاف یونین کونسل بیروٹ اور یونین کونسل پلک کے عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ اس سلسلے میں بیروٹ میرا سے خانسپور بازار تک ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی اور زبردست مظاہرہ کیا گیا، جس میں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر “خانسپور سیوریج پلانٹ نامنظور”، “جی ڈی اے کی ہٹ دھرمی نامنظور” اور “قدرتی چشموں کی آلودگی نامنظور” جیسے نعرے درج تھے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تعمیر سے علاقے کے پینے کے صاف اور شفاف پانی کے قدرتی چشمے آلودہ ہونے کا شدید خدشہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مظاہرے سے سابق امیر جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد سعید احمد عباسی، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں ضیافت ستی، ندیم عباسی، عتیق عباسی، واصف عباسی، مولانا اصغر عباسی، مفتی عتیق عباسی، عدیل انجم اور دیگر معززین نے خطاب کیا۔ مقررین نے گورنر خیبرپختونخوا، کمشنر ہزارہ اور ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سے مطالبہ کیا کہ عوامی تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس منصوبے پر کام فوری روکا جائے اور ناقص منصوبہ بندی کرنے والے جی ڈی اے افسران کے خلاف انکوائری کر کے تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مظاہرے کے منتظمین اور مقررین نے ضلعی انتظامیہ اور جی ڈی اے کو تین دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے واضح کیا کہ نمائندہ کمیٹی کی بارہا ملاقاتوں کے باوجود ان کے تحفظات کو سنجیدہ نہیں لیا گیا۔ اگر تین روز کے اندر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کوہالہ کے مقام پر راولپنڈی،مظفرآباد (شاہراہِ کشمیر) کو مکمل طور پر بلاک کر دیا جائے گا، جس کے بعد کسی بھی قسم کی بدامنی یا خراب صورتحال کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔