صدر آزاد کشمیر سے علامہ طاہر اشرفی کی ملاقات،امن و مذہبی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال
پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز کا مقابلہ قومی اتحاد، بین المسالک ہم آہنگی اور علماء کرام کے مشترکہ کردار سے ہی ممکن ہے۔صدر آزاد کشمیر
صدر آزاد کشمیر سے علامہ طاہر اشرفی کی ملاقات،امن و مذہبی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال
مظفرآباد۔ صدرآزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان سے پیغامِ امن کمیٹی پاکستان کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں علامہ عارف حسین واحدی، علامہ ڈاکٹر محمد آصف اکبر قادری، مفتی محمد یوسف خان، مولانا زاہد منصور، حافظ طارق محمود، مولانا محمود الحسن،علامہ امتیاز احمد صدیقی، مولانا الطاف حسین سیفی، مولانا زبیر نقشبندی، علامہ دانیا ل شہاب، علامہ سید فرید عباس نقوی، پاسٹر فیضان ریاست ودیگر بھی شامل تھے۔
ملاقات میں بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، فرقہ واریت کے خاتمے، انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف پیغامِ پاکستان کے قومی بیانیے پر عمل درآمد اور آزاد کشمیر میں امن و بھائی چارے کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع صدر ریاست ڈاکٹر محمد نجیب خان نے علامہ طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں آنے والے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے استحکام، امن اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز کا مقابلہ قومی اتحاد، بین المسالک ہم آہنگی اور علماء کرام کے مشترکہ کردار سے ہی ممکن ہے۔ دشمن اب براہ راست جنگ کے بجائے پراکسی وار کے ذریعے فرقہ واریت، برادری اور دیگر ذرائع سے پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے،
ایسے حالات میں پیغامِ امن کمیٹی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس صورتحال کا تقاضا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام متحد ہو کر عوام کو امن، رواداری اور اتحاد کا پیغام دیں۔
انہوں نے کہا کہ پیغامِ امن کمیٹی کے پلیٹ فارم پر تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کا ایک ساتھ بیٹھنا، نماز کی ادائیگی اور مختلف مدارس میں مشترکہ سرگرمیاں خوش آئند ہیں۔ اس طرز عمل کے مثبت اثرات نہ صرف عام معاشرے بلکہ مدارس کے طلبہ پر بھی مرتب ہوں گے اور نئی نسل میں فرقہ وارانہ سوچ کے خاتمے اور باہمی احترام کو فروغ ملے گا۔
صدر ریاست نے وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کاکمیٹی کے قیام پر بطور خاص شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں کمیٹی کا چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کا دورہ قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ آزاد کشمیر میں اللہ کے فضل سے مجموعی طور پر امن اور بھائی چارے کی فضا قائم ہے، تاہم حالیہ بعض واقعات کے تناظر میں علماء کرام کی رہنمائی اور مشترکہ کوششیں مزید اہمیت اختیار کر گئی ہیں۔
انہیں امید ہے کہ علماء کرام کے باہمی تعاون اور مکالمے سے حالات میں مزید بہتری آئے گی۔اس موقع پرپیغامِ امن کمیٹی پاکستان کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پیغامِ امن کمیٹی پاکستان ایک متفقہ قومی بیانیہ ہے جس پر ملک بھر کے 14 سے 15 ہزار سے زائد جید علمائے کرام کے دستخط موجود ہیں۔ اس بیانیے کے تحت خودکش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے، جہاد کا اعلان صرف ریاست کا اختیار ہے جبکہ دہشت گردی کو جہاد کا نام دینا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ تکفیر، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں ہیں جنہیں تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام کے اتحاد اور مشترکہ جدوجہد سے ناکام بنایا جائے گا۔
کمیٹی ملک بھر میں پیغامِ پاکستان کے قومی بیانیے کو عام کرنے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ کمیٹی کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں دہشت گردی کے خلاف قومی شعور بیدار ہوا ہے اور اب معاشرے میں دہشت گرد عناصر کو مجاہدین کے بجائے فتنہ خوارج اور فتنہ الہندوستان کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام کا ایک دوسرے کے پیچھے نماز ادا کرنا اور مذہبی اجتماعات میں مشترکہ شرکت کرنا بین المسالک ہم آہنگی کی بڑی کامیابی ہے۔
کمیٹی کے پلیٹ فارم سے ملک بھر میں مدارس، جامعات اور مذہبی اداروں میں اتحاد و یکجہتی کی فضا قائم کی جا رہی ہے۔ مظفرآباد میں بھی مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام کی جانب سے ایک دوسرے کے اداروں کی تقریبات میں شرکت اور طلبہ میں اسناد تقسیم کرنا اس اتحاد کا عملی مظاہرہ ہے۔
پاکستان عالم اسلام کے لیے ایک عظیم نعمت اور باعثِ فخر ملک ہے، اس کے استحکام اور سلامتی کے لیے تمام شہریوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔