وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا سرکاری سطح پر پنجابی نیوز چینل ‘سانجھ’ لانچ کرنے کا اعلان

ثقافتی فروغ، 'سانجھ' چینل بنے گا، پی ٹی وی پر پروگرام نشر ہوں گے۔

November 28, 2026 · قومی
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا سرکاری سطح پر پنجابی نیوز چینل 'سانجھ' لانچ کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا سرکاری سطح پر پنجابی نیوز چینل 'سانجھ' لانچ کرنے کا اعلان

لاہور میں جاری چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کے دوسرے روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے خصوصی شرکت کی اور پنجابی زبان کے فروغ کے لیے سرکاری سطح پر ‘سانجھ’ کے نام سے ایک نیا پنجابی نیوز چینل لانچ کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اطلاعات نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور منتظمین کی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ، تہذیب اور دانش کو دنیا کے سامنے پیش کرنا اس کانفرنس کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ‘سانجھ’ چینل کے علاوہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور ریڈیو پاکستان پر بھی پنجابی زبان کے خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات پنجابی زبان کی ترقی اور ترویج کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

ننکانہ صاحب کی دھرتی سے اپنے خاندانی تعلق پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے خطے کے اصل ہیروز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور بھگت سنگھ کو پنجاب کی دھرتی کا بڑا ہیرو قرار دیا۔ انہوں نے پنجابی زبان کو نصاب کا حصہ بنانے اور سکھ برادری کے ویزا مسائل کے حل میں بھرپور مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ کانفرنس کے دوران انہوں نے اگلے سال یہ تقریب اسلام آباد میں منعقد کرنے کی تجویز دی اور شرکا سے چارٹر آف ڈیمانڈ بھی طلب کیا۔

اسچوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس میں پاکستان سمیت امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا سے آئے ہوئے مندوبین اور ادبی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے مختلف سیشنز میں پنجابی زبان کے فروغ، کسانوں کے درپیش مسائل اور ڈیجیٹل دور میں نوجوان نسل کو اپنی مادری زبان سے جوڑنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ منتظمین اور شرکا کا کہنا ہے کہ سرکاری سرپرستی اور پنجابی چینل کے اجرا سے زبان اور ثقافت کو عالمی سطح پر نئی شناخت ملے گی۔