اسلام آباد پولیس نے جے یو آئی رہنما مولانا اسجد محمود کی گرفتاری کی تردید کر دی

خبریں بے بنیاد ہیں، عوام غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھرین۔ ترجمان کا بیان

November 28, 2026 · اہم خبریں
اسلام آباد پولیس نے مولانا اسجد محمود کی گرفتاری کی افواہوں کی تردید کر دی ہے۔

اسلام آباد پولیس نے مولانا اسجد محمود کی گرفتاری کی افواہوں کی تردید کر دی ہے۔

 

اسلام آباد پولیس نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کی گرفتاری سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر مولانا اسجد محمود کی گرفتاری سے متعلق چلنے والی خبریں سراسر جھوٹی ہیں۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ مولانا اسجد محمود کو نہ تو گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ ترجمان نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر یقین نہ کریں اور ایسی خبریں آگے پھیلانے سے گریز کریں۔

دوسری جانب جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ حکومتی اقدامات کے تحت مولانا اسجد محمود کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انتظامیہ نے اہل خانہ کو گھر سے نکال کر رہائش گاہ کو سیل کر دیا ہے۔ بیان کے مطابق اس صورتحال کے بعد جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضی اپنے ساتھیوں اور وکلاء کے ہمراہ مولانا اسجد سے ملاقات کے لیے تھانہ سیکرٹریٹ پہنچے تھے۔

جے یو آئی کے ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ موجودہ حکومت جبر و استبداد کی تمام حدیں پار کر رہی ہے، تاہم قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشتعال انگیز رویے سے گریز کریں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قیادت کی آئندہ ہدایات کا انتظار کریں۔