خلیج عدن میں یمن کے قریب مسلح افرادکا تجارتی بحری جہاز ہائی پر قبضہ
برطانوی میری ٹائم ایجنسی کا الرٹ جاری، حملہ آوروں کی شناخت فی الحال نامعلوم
خلیج عدن میں یمن کے قریب مسلح افراد نے تجارتی جہاز ہائی جیک کرلیا
لندن/عدن: برطانیہ کی سمندری نگرانی کی ایجنسی یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے تصدیق کی ہے کہ یمن کے ساحلی شہر بلحاف سے تقریباً 120 کلومیٹر (64 ناٹیکل میل) جنوب مغرب میں مسلح غیر مجاز افراد نے ایک مال بردار جہاز پر سوار ہو کر اس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ 28 نومبر کو گرین وچ معیاری وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے خلیج عدن کے مصروف بحری راستے میں پیش آیا۔ یو کے ایم ٹی او نے جہاز کے کپتان کے حوالے سے جاری کردہ انتباہی پیغام میں بتایا ہے کہ مسلح حملہ آور جہاز پر چڑھنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور اب جہاز کی کمان انہی کے ہاتھ میں ہے۔
تاحال جہاز کو ہائی جیک کرنے والے افراد کی حتمی شناخت سامنے نہیں آ سکی ہے اور نہ ہی یمن کے حوثی باغیوں یا کسی دیگر تنظیم کی جانب سے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔ یورپی یونین کی بحری فورس کے ابتدائی جائزوں میں اسے سمندری قزاقی کا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں چھ مسلح قزاقوں نے جہاز پر دھاوا بولا جبکہ عملے کے ارکان نے جہاز کے محفوظ حصے میں پناہ لے لی ہے۔
سکیورٹی خدشات اور جاری تحقیقات کے باعث حکام نے ابھی تک متاثرہ جہاز کا نام، اس کی مالک کمپنی، عملے کی تعداد، اس پر لدے سامان اور جہاز کی منزل سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔ متعلقہ بحری حکام کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور علاقے سے گزرنے والے دیگر تجارتی جہازوں کو انتہائی احتیاط برتنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔