مظفرگڑھ میں ہیڈماسٹر نے اساتذہ کی موٹر سائیکلوں کی ہوا نکال دی
ہیڈماسٹر کا کہنا ہے کہ سکول میں نظم و ضبط کی خلاف ورزی ہو رہی تھی۔
مظفرگڑھ میں ہیڈماسٹر نے اساتذہ کی موٹر سائیکلوں کی ہوا نکال دی
مظفرگڑھ: تحصیل جتوئی کے گورنمنٹ ہائی سکول نمبر ون جتوئی میں اساتذہ کی موٹر سائیکلوں کے ٹائروں سے ہوا نکالنے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد اساتذہ کی موٹر سائیکلیں کھینچنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اساتذہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اپنی گاڑی کے ساتھ موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے پر ہیڈماسٹر نے غصے میں آکر ان کے ٹائروں سے ہوا نکلوائی۔
دوسری جانب ہیڈماسٹر کاشف رشید سیال نے مؤقف اختیار کیا کہ اساتذہ اپنی موٹر سائیکلیں پارکنگ میں کھڑی کرنے کے بجائے کلاس رومز کے راستے میں کھڑی کرتے تھے۔
ہیڈماسٹر کے مطابق منع کرنے کے باوجود اساتذہ باز نہیں آئے، جس پر مجبوراً موٹر سائیکلوں کے ٹائروں سے ہوا نکالنی پڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ راستے میں موٹر سائیکلیں کھڑی ہونے کے باعث طلباء کو کلاس رومز میں جانے میں مشکلات پیش آتی تھیں۔
کاشف رشید سیال نے مزید کہا کہ سکول میں نظم و ضبط کی سختی پر اساتذہ نے معاملے کو غلط رخ دینے کی کوشش کی۔
دوسری جانب ڈی ای او سیکنڈری خالد کھوسہ نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو سات روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔