ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے قومی مسائل حل کریں، بلاول بھٹو

سیاسی اختلافات، انتقامی رویوں اور حکومتی منصوبوں کے تسلسل پر اہم گفتگو

November 28, 2026 · قومی

ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے قومی مسائل حل کریں، بلاول بھٹو

رحیم یار خان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے قومی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔

رحیم یار خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر مسائل کا مقابلہ کریں تو ایسا کوئی مسئلہ نہیں جس کا حل نہ نکالا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی کھینچا تانی کا نقصان بالآخر عوام کو اٹھانا پڑتا ہے، جبکہ انتقامی سیاست عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے اور حکومتی معاملات باہمی رضامندی سے آگے بڑھانے چاہئیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں سیاسی قیادتوں سے غلطیاں ہوئیں، تاہم ان سے سبق بھی سیکھا گیا۔ ان کے مطابق میثاقِ جمہوریت کے بعد سیاسی قوتوں نے ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کی سیاست سے گریز کیا ہے اور اسی روایت کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ایس آئی یو ٹی کا منصوبہ جاری رکھنا ایک مثبت مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں کی تبدیلی کے ساتھ مخالف جماعتوں کے منصوبے بھی بند کر دیے جاتے تھے، تاہم اس بار ایسا نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے منصوبوں اور حکومتوں کو نقصان پہنچانے کے بجائے تعاون کا راستہ اختیار کریں تو عوام کی بہتر خدمت کی جا سکتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومتیں گرانے کے بجائے عوامی مفاد کے منصوبوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔