گندم کی درآمد کسان دشمنی ہے، لیاقت بلوچ کا قومی زراعت کانفرنس بلانے کا مطالبہ
زرعی شعبہ زوال پذیر ہے، حکومت کسانوں کے مسائل حل کرے
گندم کی درآمد کسان دشمنی ہے، لیاقت بلوچ کا قومی زراعت کانفرنس بلانے کا مطالبہ
جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما اور نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 25 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کا واضح نتیجہ ہے۔
اپنے ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے پیٹرولیم لیوی کے مرحلہ وار خاتمے کے لیے چلائی گئی تحریک کو کامیاب قرار دیا اور ملک میں زراعت کے موجودہ بحران پر فوری طور پر ایک قومی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی ریلیف کے لیے سیاسی، جمہوری اور قومی مزاحمت کے ذریعے نئی تاریخ رقم کی ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جاری جدوجہد رنگ لے آئی ہے اور اب قومی ترجیحات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو گنے، گندم اور چاول یعنی مونجی کے کاشتکاروں کا معاشی استحصال بند کرنا چاہیے کیونکہ کسان اور ہاری سخت پریشانی کا شکار ہیں۔