آزاد اور خودمختار فلسطین کا قیام خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے، مریم نواز
فلسطین سے اظہار یکجہتی کا دن، شہدا کو خراج تحسین، حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ۔
آزاد اور خودمختار فلسطین کا قیام خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں فلسطینی شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور آزاد سرزمین فلسطین کے لیے جدوجہد کرنے والے فلسطینی عوام کی ہمت، حوصلے اور لازوال قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی قربانیاں تاریخ کا ایک روشن باب ہیں جو مظلوموں کی استقامت کی داستان بیان کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم، جبر اور ناانصافی کا بہادری سے سامنا کر رہے ہیں جبکہ پاکستان کا ہر شہری اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین میں معصوم بچوں، خواتین اور شہریوں کا جاری قتل عام عالمی انسانیت کے ضمیر پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
مریم نواز شریف نے عالمی برادری پر شدید زور دیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں فوری پوری کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام کو ان کی آزادی، خودمختاری اور حق خودارادیت سے زیادہ دیر محروم نہیں رکھا جا سکتا اور ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔
آخر میں وزیراعلیٰ پنجاب نے عزم ظاہر کیا کہ حکومتِ پاکستان اور پوری پاکستانی قوم اس منصفانہ جدوجہد میں فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا کیونکہ پاکستانی قوم کے دل اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔