سعودی عرب میں دوسرا سینما گھر بھی کھل گیا

ریاض:سعودی عرب میں اب دوسرا سینما گھر بھی کھول دیا گیا۔اس سے پہلے 18 اپریل کو پہلا سینما گھر کھول دیا گیا تھا۔ یہ دوسرا سینما گھر بھی ریاض کے مصروف اور کاروباری علاقے میں کھولا گیا ہے۔ اس دوسرے سینما گھر میں ہالی ووڈ کی فلم ’اوینجر: انفنٹی وار‘ کی نمائش کی گئی جس نے دنیا بھر میں نئے ریکارڈ بنائے ہیں۔عرب نشریاتی ادارے العربیہ کے مطابق ریاض میں کھولے گئے دوسرے سینما گھر کو ’ووکس سینما‘ کی جانب سے کھولا گیا جو خطے میں سینما کا بہت بڑا نیٹ ورک رکھتا ہے۔اس دوسرے سینما کی خاص بات یہ ہے کہ یہ شہر کے معروف شاپنگ مال ’ریاض پارک‘ میں کھولا گیا ہے جہاں ہر وقت لوگوں کا رش رہتا ہے۔ ووکس سینما میں 4 تھیٹر رکھے گئے ہیں جن میں تھری ڈی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔ووکس سینما کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس کے ٹکٹ پہلے سینما کے مقابلے انتہائی سستے رکھے گئے ہیں ۔ اس کے ٹکٹ 50 سعودی ریال رکھے گئے ہیں جو پاکستان کے قریبا 1550 روپے بنتے ہیں۔اس سینما گھر کے ٹکٹ کو بھی آن لائن فروخت کے لئے پیش کردیا گیا ہے۔