پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان برقرار

 

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری مندی کا رجحان تاحال برقرار ہے ، کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی کے ایس ای 100 انڈیکس 246 پوائنٹس کی کمی کے بعد 41 ہزار 624 پر بند ہوا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ2ہفتے سے جاری اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے بادل تاحال چھٹ نہ سکے اور کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی سرمایہ کاروں نے محتاط انداز میں حصص کی لین دین میں حصہ لیا۔ٹریڈنگ کا آغاز مثبت ہوا تاہم کچھ دیر بعد ہی مارکیٹ مندی کی طرف گامزن ہوگئی اور 100 انڈیکس دن کی کم ترین سطح 41ہزار 458 پوائنٹس تک پہنچا۔مجموعی طور پر 4 ارب 33 کروڑ روپے مالیت کے 8 کروڑ 28 لاکھ حصص کی لین دین ہوئی، کُل 298 شیئرز کے کاروبار میں سے 76 کے حصص کی قدر میں اضافہ، 205 کی قیمتوں میں تنزلی اور 17 کے ریٹ مستحکم رہے۔