چینی شہری نےاگربتی سےاپنی بی ایم ڈبلیو کارپھونک ڈالی

چین کے مشرقی علاقے میں ایک شخص نے اگربتی جلاتے ہوئے اپنی مہنگی ترین بی ایم ڈبلیو کار پھونک ڈالی ۔ چین کے میڈیا کے مطابق شہریانگ ژہاؤ میں ایک شخص نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے اگربتی چلائی تو اس کی چنگاری سے کارمیں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے کارجل کر خاکستر ہوگئی ۔

اس شخص کے پڑوسی نے بتایا ہے کہ اس کے ہمسائے میاں بیوی مذہبی رسومات ادا کررہے تھے کہ اگربتی کی چنگاری سے آگ بھڑک اٹھی جس نے کار کو اپنی لپیٹ یں لے لیا تاہم دونوں میاں بیوی محفوظ رہے ۔

یہ واقعہ چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے ۔ چین کے اخبارساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق فائر فائٹر جب آگ بجھانے کیلئے پہنچے تو کار کافی حد جل چکی تھی ۔ فائر فائٹرز 10 منٹ کے بعد آگ پرقابو پانے میں کامیاب ہوئے۔

فائرفائٹرز کے مطابق دونوں میاں بیوی گھر کے باہراپنی کار کے پاس مذہبی رسومات ادا کررہے تھے کہ اس دوران انھوں نے بڑی بڑی اگربتیاں جلائیں ۔ ہوا کے باعث اگربتی سے جنگاریاں نکلیں جس سے کار کے سرخ رنگ کے کور نے آگ پکڑلی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری کار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اس شخص کے ہمسائے نے بتایا کہ اس کے پڑوسی نے اپنی نئی کار80 ہزارڈالر میں خریدی تھی جس کے شکرانے کیلئے وہ یہ مذہبی رسومات ادا کررہا تھا اورکار کے قریب ہی اس نے اگربتی جلائی تھی کہ یہ واقعہ ہوگیا۔

اس واقعے کے بعد چینی شخص شدید دکھ سے دوچار ہوگیا اوراس کا کہنا ہے کہ وہ اسے اپنی بدقسمتی سمجھے یا بیوقوفی ۔۔