سندھ پولیس کو شجرکاری مہم شروع کرنے کا حکم

 

کراچی: انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ امجد جاوید سلیمی نے حکم دیا ہے کہ محکمہ پولیس کی تمام تنصیبات میں شجرکاری مہم شروع کی جائے۔

آئی جی سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں محکمہ پولیس کی اراضی اورعمارات کے اطراف پولیس اہلکاروں کوپودے لگانے کا حکم دیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق شجرکاری مہم میں سفیدے کا پودہ لگانے کی سخت ممانعت اور نیم، مینگرو، اشوکا، الوسٹونیا لگانے کی اجازت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق متعلقہ افسران شجرکاری مہم کے متعلق ہفتہ وار رپورٹ آئی جی سندھ کو بھیجیں گے اور شجرکاری مہم کے حوالے سے آئی جی سندھ اچانک دورہ کرکے جائزہ بھی لیں گے.نوٹی فکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ حکم نامے پر ترجیحی بنیادوں پرعمل کیا جائے۔