عمران خان پاکستان کے ایک ایک پیسے کی حفاظت کریں گے، زرتاج گل

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نومنتخب رکن قومی اسمبلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ عمران خان نہ جھکتے ہیں اور نہ بکتے ہیں، وہ کرپٹ نہیں، نہ کرپشن کرنے دیں گے بلکہ پاکستان کے ایک ایک پیسے کی حفاظت کریں گے۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں زرتاج گل وزیر نے کہا کہ میں منافق اور بزدل نہیں بلکہ پاکستان کو تبدیل کرنے میں حصہ ڈالوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی ہونے کی وجہ سے ان کی طبعیت جنگجوانہ ہے اور آدھے سے زیادہ ووٹ انہیں تقریر کی وجہ سے ملتے ہیں۔
زرتاج گل نے بتایا کہ وزیرستان اور جنوبی پنجاب پسماندگی کا شکار ہیں جبکہ فاٹا کے لوگ سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں لیکن ان کی خدمات کو تسلیم نہیں کیا جاتا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے حوالے سے زرتاج گل نے بتایا کہ عمران خان کے ناقدین انہیں نہیں جانتے، میں شروع دن سے انہیں بطور لیڈر جانتی ہوں، وہ ایک انتہائی سادہ اور دور اندیش لیڈر ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نہ جھکتے ہیں اور نہ بکتے ہیں، وہ کرپٹ نہیں، نہ کرپشن کرنے دیں گے بلکہ پاکستان کے ایک ایک پیسے کی حفاظت کریں گے۔
آخر میں زرتاج گل نے کہا کہ مجھے کسی پروٹوکول کی ضرورت نہیں، ڈیرہ غازی خان میں خود گاڑی ڈرائیو کرکے گلی محلے کی صورتحال دیکھوں گی۔
واضح رہے کہ زرتاج گل 25 جولائی کو ہونے والے الیکشن میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 191 (ڈیرہ غازی خان) سے مسلم لیگ (ن) کے صفدر اویس خان لغاری کے مقابلے میں 25 ہزار زیادہ ووٹ لے کر فاتح قرار پائیں، جنہیں بہت سراہا جارہا ہے۔