ملکی تاریخ کے پہلے خواجہ سرا کا بینک اکاؤنٹ کھول دیاگیا

ملتان:ترجمان فرسٹ وومن بینک کے مطابق منظور نامی خواجہ سرا کا اکاؤنٹ بینک کی ملتان برانچ میں کھولا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ خواجہ سرا منظور نے ’زندگی آسان‘ اکاؤنٹ کھولا ہے جبکہ فرسٹ وومن بینک کی مزید برانچیں بھی خواہش مند خواجہ سراؤں کے اکاؤنٹ کھولیں گی۔
خواجہ سرا منظور نے کہا کہ ہم لوگوں کا اپنے پیسے حفاظت سے رکھنا ایک بہت بڑا مسئلہ تھا، ہم اپنی جمع پونجی گنوا چکے ہیں، اپنے ساتھ رقم رکھنا ممکن نہیں ہوتا اور ہم اپنے پیسے اپنی کوٹری میں چھوڑنے پر مجبور تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے فرسٹ وومن بینک آکر بات کی تو یہ انہوں نے کرم کیا اور مجھے اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دی۔
منظور نے کہا کہ میں نے ایک ہزار روپے سے اپنا بنک اکاؤنٹ کھولا ہے، یہ ایک بہت اچھا تجربہ ہے اور میں آج بہت خوش اور مطمئن ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں پیسے جمع کرنے کے لیے اب یہ اکاؤنٹ استعمال کروں گی اور دوسرے ساتھیوں کو بھی اکاؤنٹ کھولنے کا کہوں گی تاکہ پیسے محفوظ رہیں اور ہم بھی دوسروں کی طرح محفوظ طریقے سے بچت کر سکیں۔۔۔