رواں مالی سال کیلئے زرعی قرضوں کا ہدف 1250 ارب روپے مقرر

کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے رواں مالی سال 2018-19ء کیلئے زرعی قرضے کے اجرا کا ہدف1250ارب روپے مقرر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق زرعی قرضے کی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےگورنر اسٹیٹ بینک کا کہناتھا کہ زرعی قرضہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے ،کمیٹی کا سالانہ اجلاس پہلی بار مظفر آباد، آزاد جموں و کشمیرمیں منعقد ہوا جو اسٹیٹ بینک کی ان کوششوں کا اظہار ہے جو وہ مالی سہولتوں سے محروم صوبوں اور علاقوں میں زرعی قرضے کی توسیع کیلئے مسلسل کر رہا ہے ۔
انہوںنے مالی سال 2017-18 کے زرعی قرضے کے اہداف پر پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کمرشل بینکوں، مائیکرو فنانس بینکوں اور مائیکرو فنانس اداروں کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے اپنے اہداف تقریباً مکمل کر لیے ، زرعی قرضے کی طلب کے لحاظ سے بینکوں نے گزشتہ سال 72 فیصد طلب پوری کی۔
گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ جدت پسند اسکیموں کے ذریعے خصوصاً محروم علاقوں کو ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کاشت کاروں میں 976 ارب روپے قرض جاری کیا گیا ہے جب کہ تقریباً 37 لاکھ افراد قرض سے مستفید ہوئے تھے۔