لاہور،جناح اسپتال سے اغوا ہونے والا بچہ پولیس نے بازیاب کرلیا

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے جناح اسپتال سے اغوا ہونے والا بچہ پولیس نے بازیاب کرلیا۔ پولیس نے اغوا کار خاتون اور بچہ خریدنے والے نائیجیرین جوڑے کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق 3 دن قبل جناح اسپتال سے ایک نامعلوم خاتون نے ایک نومولود بچے کو اغوا کیا تھا، جس کا مقدمہ بچے کے والد کی مدعیت میں تھانہ گارڈن ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا۔
سی سی ٹی وی ویڈیو سے شناخت نہ ہونے پر پولیس نے جیو فینسنگ کے ذریعے ملزمہ پروین کو گرفتار کیا۔
ملزمہ نے بتایا کہ اس نے بچہ اغوا کرکے نائیجیرین باشندے کو فروخت کردیا تھا۔
ملزمہ کی نشاندہی پر پولیس نے بچے کو بازیاب کروا کے اس کے والدین کے حوالے کردیا۔
دوسری جانب نائیجیرین باشندے احمد بلال اور اس کی اہلیہ مہوش کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔