کراچی ،مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور ہلکی ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔
کراچی میں گزشتہ کئی روز سے بادلوں نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں جس کے باعث موسم سہانا ہوگیا ہے۔ آج بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بونداباندی کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی کے علاقے گلستان جوہر، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ اورسپرہائی وے پر ہلکی بارش ہوئی جب کہ لیاقت آباد اور ناظم آباد کے مختلف علاقوں میں بھی صبح سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔
بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن ہوگئی ہے لہٰذا انتظامیہ کی جانب سے عوام کو احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دوررہیں اس کے علاوہ برقی آلات کا استعمال گیلے ہاتھوں کے ساتھ نہ کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے، ہلکی اور تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار رہے گا۔