اقتصادی کونسل سے عاطف میاں کو ہٹانے پرایک اوررکن کا استعفیٰ کا اعلان

وزیر اعظم پاکستان کی اقتصادی مشاورتی کونسل سے عاطف میاں کو ہٹائے جانے پر عاصم خواجہ کے مستعفی ہونے کے بعدایک اور رکن عمران رسول نے احتجاجاًکونسل سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
اقتصادی مشاورتی کونسل سےمستعفی ہونے سے متعلق آگاہ کرتے ہو ئے عمران رسول نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ ’’میں آج صبح بوجھل دل کے ساتھ وزیر اعظم پاکستان کی اقتصادی مشاورتی کونسل سے استعفیٰ دے رہا ہوں کیوں کہ جس انداز میں عاطف میاں کو کونسل سے الگ کیا گیا وہ میرے لئے ناقابل قبول ہے اورمذہبی بنیاد پر فیصلے اقدار کے خلاف ہیں ۔میں اپنے بچوں کو اقدار کی تعلیم دینے کی کوشش میں ہوں ‘‘
اس سے قبل حکومت نے مذہبی جماعتوں اور دیگر حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کے بعد عاطف میاں کو وزیر اعظم کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کی رکنیت سے ہٹانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد عاصم خواجہ نے رکنیت سے استعفیٰ دیا اور اب عمران رسول بھی وزیر اعظم پاکستان کی اقتصادی مشاورتی کونسل سے مستعفی ہو گئے ہیں۔