ایران خود کو آئینے میں دیکھے اور پھر بات کرے،امریکا

نیویارک: اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نےکہاہے کہ ایران کو الزام تراشی کے بجائے اپنے ملک کی اندرونی صورتحال پر توجہ دینا چاہیے۔ ایران کی حکومت نے عوام کو دبا کر رکھا ہوا ہے لہذا ایران خود کو آئینے میں دیکھے اور پھر بات کرے۔
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے ایران میں فوجی پریڈ پر حملے کی مذمت کی اور امریکا کے خلاف ایران کی الزام تراشی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکمرانوں کو ملک میں بدامنی کی وجوہات پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام جگہ جگہ احتجاج کررہے ہیں، ایران کی حکومت نے عوام کو دبا کر رکھا ہوا ہے لہذا ایران خود کو آئینے میں دیکھے اور پھر بات کرے۔
واضح رہے کہ 2 دن قبل اہواز میں پریڈ کے دوران حملے میں پاسداران انقلاب کے اہلکاروں سمیت 39 افراد ہلاک ہوئے تھے جس پر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا تھا کہ خلیجی ملک امریکی پشت پناہی سے ایران مخالف عرب گروہوں کوعسکری اور مالی امداد دے رہے ہیں۔