افغان صوبے تخار میں انتخابی ریلی میں دھماکا، 12 افراد ہلاک

کابل: افغانستان کے صوبے تخار میں انتخابی ریلی کے دوران دھماکے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
افغان سیکیورٹی حکام کے مطابق افغانستان کے صوبے تخار کے ضلع رستاق میں انتخابی ریلی کے دوران موٹر سائیکل میں نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔
افغان پارلیمانی انتخابات میں تخار سے خاتون امیدوار نضیفہ یوسفی بیک کی ریلی کو نشانہ بنایا گیا۔
افغان حکام کا کہنا ہےکہ دھماکے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ انتخابی ریلی میں ہونے والے دھماکے میں 2 سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ہی افغان صوبے ننگرہار کے ضلع کامہ میں انتخابی ریلی کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ افغانستان کے پارلیمانی انتخابات 20 اکتوبر کو ہوں گے جس میں 2 ہزار سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔