بنگلہ دیش میں بڑے پیمانے پر شیئر ہونے والی ٹوئیٹ جس میں بنگلہ دیش کی موت کا اعلان کیا گیا
بنگلہ دیش میں بڑے پیمانے پر شیئر ہونے والی ٹوئیٹ جس میں بنگلہ دیش کی موت کا اعلان کیا گیا

ایک دسمبر میں جنم دوسرے دسمبر میں بنگلہ دیش کی موت ہوگئی

بنگلہ دیش میں عام انتخابات کیلئے 30 دسمبر کو ہونے والی پولنگ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پیغام زیرگردش ہے۔ لوگ اسے پیغام کو ری ٹوئیٹ کر رہے ہیں یا کاپی پیسٹ کر رہے ہیں۔ بنگلہ زبان میں لکھے گئے اس پیغام میں چھپا المیہ دنیا بھر کے جمہوریت پسند محسوس کرسکتے ہیں۔

لکھا ہے:

افسوسناک خبر۔ بنگلہ دیش کو قتل کر دیا گیا۔ بنگلہ دیش میں جمہوریت قتل کردی گئی۔ بنگلہ دیش میں ووٹ کو قتل کردیا گیا۔

جنم: 16/12/1971

علالت: 05/01/2014

وفات: 30/12/2018

آج بطور بنگالی دنیا سے بات کرتے ہوئے ہم شرمندہ ہیں۔

 

 

ووٹ کا حق چھینے جانے پر رونے والے صرف سوشل میڈیا صارفین ہی نہیں ہیں۔ اپوزیشن اتحاد جاتیا اوکیا فرنٹ کے سربراہ  کمال حسین نے اتوار کی صبح جب دھاندلی سامنے آنے پر پریس کانفرنس کی تو ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک ووٹ کے حق کے نام پر لیا گیا تھا لیکن اب یہی حق نہیں مل رہا۔ بی این پی کی سربراہ خالدہ ضیا کے جیل میں ہونے اور ان پر الیکشن لڑنے کی پابندی کے باعث کمال حسین ہی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں۔

شیخ حسینہ واجد 2008 میں الیکشن جیت کر جب انتخابات میں آئی تھیں تو ان پر کسی کو اعتراض نہیں تھا۔ لیکن جب انہوں نے جنوری  2014 کے انتخابات کرائے تو حکومت کی طرف سے دھاندلی کے عزائم اتنے واضح تھے کہ بی این پی نے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ بنگلہ دیش کی موت کے اعلان والی ٹوئیٹس میں بنگلہ دیش کی علالت کی تاریخ 5 جنوری 2014 لکھی گئی ہے۔

30 دسمبر کو حسینہ واجد نے ایک بار پھر انتخابات کرائے اور رہی سہی کسر پوری کر دی۔

ان انتخابات کے نتائج دن بھر پونے والے واقعات اور عوامی لیگ کی ڈھٹائی کی عکاسی کرتے ہیں۔ بنگلہ دیشی اخبار پروتھو مالو کے مطابق  جن 300 نشستوں پر انتخابات ہوئے ان میں سے 288نشستیں عوامی لیگ اور اس کی قیادت میں قائم گرینڈ الائنس نے  جیت لیں۔  بی این پی  کے اتحاد اوکیا فرنٹ  کو صرف 6 نشستیں ملیں۔ باقی دیگر جماعتوں نے حاصل کیں۔ اس لینڈ سلائیڈ فتح کے ساتھ حسینہ واجد نہ صرف حکومت بنائیں گی بلکہ وہ اپنی مرضی کی قانون سازی بھی بآسانی کر سکیں گی۔ پہلے ہی حسینہ واجد پر بھارت نوازی میں حد سے گزر جانے کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔

اپوزیشن جماعت بی این پی نے کہا ہے کہ 300 میں سے 221 انتخابی حلقوں میں ووٹروں کو پولنگ اسٹیشنوں میں جانے سے روکا گیا۔  اپوزیشن کے مطابق ملک بھر میں عوامی لیگ کے غنڈے پولنگ اسٹیشنوں پر قبضے کرتے رہے۔ بیشتر ہلاکتیں بھی اسی دوران ہوئیں۔

انتخابات پر سیکورٹی کے لیے کئی علاقوں میں فوج تعینات کی گئی تھی۔ اس کے باوجود تشدد جاری رہا۔ بی بی سی نے ایک ویڈیو میں پولنگ اسٹیشنوں پر پہلے سے بھرے بیلٹ باکسز دکھائے۔

تاہم بنگلہ دیش کے چیف الیکشن کمشنر کے ایم نور الہٰدا نے دھاندلی کے الزامات پر کہا کہ اگر بی این پی کے پولنگ ایجنٹ پولنگ اسٹیشنوں پر نہیں آئے تو ہم کیا کر سکتے ہیں۔

الیکشن سے ایک روز قبل بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل عزیز احمد نے کہا تھا کہ اس مرتبہ 47 برسوں میں سب سے زیادہ پرامن انتخابات ہوں گے۔ جنرل عزیز کا کہنا تھا کہ 50 ہزار اہلکار انتخابی ڈیوٹی کے لیے تعینات کیے گئے ہیں جو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے 17 ہلاکتوں کی تصدیق کی جبکہ بنگلہ دیش سے بعض ذرائع ہلاکتوں کی تعداد 30 سے زائد بتا رہے ہیں۔

ایسا نہیں ہے کہ بنگلہ دیش کے انتخابات کو ہر کسی نے برا کہا ہو۔ بھارت کے الیکشن کمیشن نے اس الیکشن کومثالی قرار دیا ہے۔