پولیس اہلکاروں کا رائفل چھینےجانے کا دعویٰ جھوٹا نکلا

جان بچانے کے لیے پولیس اہل کاروں کی جانب سے بولا گیا ایک اور جھوٹ پکڑا گیا،کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے میاں بیوی کے زخمی ہونے سے متعلق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پولیس اہلکاروں سے رائفل کسی نے نہیں چھینی بلکہ اہلکاروں نے جھوٹ بولا۔

غفلت کا مرتکب ہونے پر اعلیٰ حکام نے دونوں اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔

واضح رہے کہ عوامی کالونی میں فائرنگ کا واقعہ وائن شاپ کے قریب پیش آیا تھا جہاں دونوں پولیس اہلکار وائن شاپ سے نکلنے والے افراد کی تلاشی میں مصروف تھے ۔ اس دوران موٹرسائیکل سوار افراد کو پولیس اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا اور نہ رکنے پر فائرنگ کردی جس سے وہاں سے گزرنے والے میاں بیوی زخمی ہو گئے۔ بے گناہ شہریوں کے زخمی ہونے پر اہلکار اپنی رائفل چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے اور بعد ازاں جھوٹ بولا کہ نامعلوم ملزمان ان کی سرکاری رائفل چھین کر فرار ہو گئے۔

دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق دونوں پولیس اہلکار غفلت کے مرتکب ثابت ہوئے جس پر انہیں معطل کر دیا گیا ہے اور ڈی آئی جی ایسٹ نے اہلکاروں کے خلاف ایس ایس پی کورنگی کو مقدمہ درج کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔