ڈھاکاکے کیمیکل گودام میں آتشزدگی سےہلاکتوں کی تعداد110 ہوگئی

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں کیمیکل کے گودام میں آتشزدگی سے زندہ جل جانے والے افراد کی تعداد 110 ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈھاکا کے تاریخی قدیم علاقے چوک بازارکی رہائشی عمارت میںقائم کیمیکل کے گودام میں ایک دن پہلے رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔

خطرناک کیمیکل کی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھااور پھر بڑھتے بڑھتے پڑوسی عمارتوں تک پہنچ گئی تھی۔

آگ اتنی شدید اور خوفناک تھی کہ اس کی زد میں آنے والے بہت کم لوگوں کو جان بچانے کا موقع مل سکا اور وہ جل کر کوئلہ ہوگئے۔

واقعے میں اب تک110 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہیں جن میں سے متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

فائربریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا ہے۔ بنگلہ دیش فائر سروس کے سربراہ علی احمد کے مطابق آگ ممکنہ طور پر گیس سلنڈر سے لگی تھی۔