پاکستان اور بھارت جونہ کر سکا، وہ سری لنکا نے کر دکھایا

سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا کو شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی اور وہ جنوبی افریقہ کو اسی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے والی پہلی ایشین ٹیم بن گئی ہے۔

پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 0-1 کے خسارے سے دوچار جنوبی افریقی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہوا اور ایڈن مارکرم کے 60 اور کوئنٹن ڈی کوک کی 86 رنز کی عمدہ اننگز کے باوجود پوری ٹیم پہلی اننگز میں 222 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کے باؤلرز کاگیسو ربادا اور ڈوائین اولیور نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا ٹیم کو بھی پہلی اننگز میں 154 رنز پر ڈھیر کر دیا اور 58 رنز کی برتری دلاتے ہوئے ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے مگر سری لنکن باؤلرز نے ہمت نہ ہاری اور دوسری اننگز میں سورنگا لکمل سمیت دیگر باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے پروٹیز ٹیم صرف 128رنز پر ڈھیر ہو گئی اور سری لنکا کو میچ میں فتح کیلئے صرف 197 رنز کا ہدف ملا۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز 34رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے تاہم اوشادا فرنینڈو اور کوشل مینڈس سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور ناقابل شکست 163 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلوا کر ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر شکست دینے والی پہلی ایشین ٹیم بن گئی ۔