طیارہ ایمیزون ڈاٹ کام کا ساما لے کر جا رہا تھا
طیارہ ایمیزون ڈاٹ کام کا ساما لے کر جا رہا تھا

امریکہ میں دو طیارے حادثے کا شکار۔5 افراد ہلاک

امریکی ریاست میسا چیوسٹس میں چھوٹا طیارہ اور ہیوسٹن کے قریب کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیاجس کے نتیجے میں5 افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکی شہر ہوسٹن کے قریب ایمیزون ڈاٹ کام کا کارگو طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا جس میں سوار تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی شہرہوسٹن کے قریب گر کر تباہ ہونے والا کارگو طیارہ میامی سے ہوسٹن جا رہا تھا جس میں معروف آن لائن خریداری کی ویب سائٹ ایمیزون ڈاٹ کام کا سامان موجود تھا۔

حادثے کا شکار ہونے والے بوئنگ 767 طیارے میں موجود سامان میں خواتین کے کپڑے، بیڈ شیٹس، کارڈ بورڈ کے ڈبے اورفائبر گلاس بڑی تعداد میں موجود تھا۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق اٹلس ائر کی پرواز3591 کا جارج بس انٹر کانٹینینٹل ایئرپورٹ کے ریڈار سے اچانک رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

دوسرا حادثہ امریکی ریاست میسا چیوسٹس کے علاقے مینز فیلڈ میں پیش آیا،جہاں چھوٹا طیارہ ائیرپورٹ پرگرنے سے اس میں آگ لگ گئی،حادثے میں انسٹرکٹر سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکی تحقیقاتی ادارے کے مطابق طیارے میں تین افراد سوارتھے جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا۔

طیارہ حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم تحقیقاتی اداروں کی جانب سے وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔