پلوامہ حملہ مودی حکومت نے خود کرایا ۔ بھارتی سماجی رہنما

بھارت کے سماجی رہنما ومن میشرام نے کہا ہے کہ پلوامہ حملہ مودی حکومت نے خود کرایا۔

بھارت کے سماجی رہنما ومن میشرام نے بھی پلوامہ حملے پر مودی کے خلاف شارج شیٹ جاری کردی۔

ومن میشرام نے کہا کہ پلوامہ حملہ مودی سرکار نے خود کرایا اور سوالوں کا جواب نہیں تو معاملہ پاکستان کی طرف ڈال دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت 8 دن پہلےجانتی تھی ان لوگوں کو مارا جائے گا، حکومت کے پاس انٹیلی جنس کی رپورٹ تھی، کابینہ کمیٹی کے سیکیورٹی اجلاس میں سب کو پتا تھا، اب بچانے کے بجائے مروایا اور نام پاکستان کا لے رہے ہو۔

دوسری جانب ہندو انتہا پسند تنظیم مہاراشٹر نَوونِرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے بھی پلوامہ حملے پر سوال اٹھادیے ہیں اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کو تفتیش کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق راج ٹھاکرے نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول سے تحقیقات کی جائیں تو پلوامہ حملے کی حقیقت سامنے آجائے گی۔

ہندو انتہا پسند تنظیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے میں مارے گئے فوجی سیاسی متاثرین ہیں، حکومتیں سیاسی مقاصد کیلئے ایسے کام کرتی ہیں لیکن مودی حکومت میں ایسے واقعات میں اضافہ ہوا۔

راج ٹھاکرے نے اپنے ہی وزیراعظم مودی پر الزام لگایا کہ جب پلوامہ حملے کی خبر آئی تو مودی ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے اور خبر ملنے کے باوجود بھی شوٹنگ میں ہی مصروف رہے۔