شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِصدارت آن لائن اجلاس میں سولہ قراردادوں کی منظوری دی گئی۔فائل فوٹو
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِصدارت آن لائن اجلاس میں سولہ قراردادوں کی منظوری دی گئی۔فائل فوٹو

ایران دہشت گردوں کو معالی معاونت کے ساتھ اسلحہ بھی فراہم کر رہا ہے

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے کہا ہے کہ شام، یمن اور بحرین میں ایران دہشت گردوں کو معالی معاونت کے ساتھ اسلحہ بھی فراہم کر رہا ہے اورایران کا سامنا کرنے کے لیے عالمی برادری سعودی عرب کی مدد کرے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی فرماں روا کی دعوت پر خلیجی ممالک کے سربراہان اورعرب لیگ کا اہم اجلاس آج اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس میں عرب رہنماؤں نے خطے میں امن کو نقصان پہنچانے اور تیل بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنانے پرایران کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے ایران کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عرب رہنماؤں نے متفقہ طور پرایران کے شام اور بحرین میں منفی کردار کی سخت الفاظ میں مذمت کی جب کہ ایران کے بیلسٹک میزائل کے تجربات پرتشویش کا اظہار بھی کیا گیا اور متحدہ عرب امارات کے تین جزیروں پر ناجائز طور پر قابض ہونے پرایران کو باز رہنے کی تنبیہ کی گئی۔

سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب قیام امن کی ہرکوشش جاری رکھے گا لیکن اس کے لیے عالمی برادری کا تعاون بھی درکار ہوگا، ایران کو خلیج فارس میں کھلی جارحیت سے روکنا ہوگا اور یمن میں باغی دہشت گردوں کو اسلحہ و مالی معاونت کا سلسلہ بند کرانا ہوگا اور یہ سب عالمی برادری کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔