گزشتہ روز امریکا نے بھی ایران سے 2015 میں ہونے والے جوہری معاہدے کی بحالی کا عندیہ دیا تھا
گزشتہ روز امریکا نے بھی ایران سے 2015 میں ہونے والے جوہری معاہدے کی بحالی کا عندیہ دیا تھا

عرب ممالک کے سربراہان کے اجلاس میں لگائے گئے الزامات من گھڑت ہیں۔ایران

ایران نے سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے عرب ممالک کے سربراہان کے اجلاس میں لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد، لغو اور من گھرٹ قرار دے دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب من گھرٹ الزامات لگا کر ایران کے خلاف علاقائی رائے عامہ کو متنفر کرنا چاہتا ہے اور اس کوشش میں عرب ممالک امریکا اور اسرائیل کے ہمنوا ہوگئے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بریفنگ میں سعودی قیادت میں جمع ہونے والے عرب ممالک کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے الزامات کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا۔ ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ اور دنیا میں امریکی بالادستی قائم کرنے کی بنیادی وجہ ہے۔

قبل ازیں ایران نے خلیج فارس میں چار تیل بردار بحری جہازوں پر حملے سے متعلق امریکی مشیر قومی سلامتی جان بولٹن کے بیان کو مضحکہ قرار دیا تھا جس میں جان بولٹن کا کہنا تھا کہ تیل بردار بحری جہازوں پر حملے میں ایران یقینی طور پر ملوث ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں عرب لیگ اجلاس میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ خطے میں ایرانی اشتعال انگیزیوں کو روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات وقت کی ضرورت ہیں جس کے لیے عالمی برادری کو سعودی عرب کی مدد کرنا چاہیے۔