بسمہ معروف کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔فائل فوٹو
 بسمہ معروف کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔فائل فوٹو

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، سابق کپتان ثنامیرکواسکواڈ سے باہرکردیا گیا۔

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹرعروج ممتاز نے کپتان بسمعہ معروف کے ہمراہ قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تاہم آل راؤنڈر ثنا میر کو نظراندازکردیا گیا۔

ورلڈکپ کے لیے  بسمہ معروف کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے دیگرکھلاڑیوں میں ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید ، جویرہ ودود، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سادیہ اقبال، سدرہ نواز اور سیدہ عروب شاہ ہیں۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے لیے جونیئر اور سینئرز پر مشتمل متوازن اسکواڈ منتخب کیا گیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں چیف سلیکٹر عروج ممتازکے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں قومی ویمن ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کہ تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں، بلاشبہ ثنا میرتجربہ کار پلیئرز ہیں، تاہم منتخب اسکواڈ میں بھی ٹیلنٹ کی کمی نہیں، جونیئراور سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ورلڈ کپ کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ایک  سوال پر بسمعہ معروف نے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، مثبت ذہن کے ساتھ ورلڈ کپ میں شریک ہوں گے اورعالمی کپ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

قومی کپتان نے کہا کہ جنوبی افریقہ سمیت اپنے پول میں شامل ٹیموں کو بھی ہرا چکے ہیں، ورلڈ کپ کے دوران بھی ان ٹیموں کو زیر کرنے میں کامیاب رہیں گے، ورلڈکپ میں شریک ہر ٹیم جیت کے لیے  جائے گی ہم بھی ورلڈ کپ میں جیت کا عزم لیے آسٹریلیا جائیں گے اور میگا ایونٹ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔