بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا انعقاد اب آئندہ سال ہی ممکن ہو سکے گا۔فائل فوٹو
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا انعقاد اب آئندہ سال ہی ممکن ہو سکے گا۔فائل فوٹو

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی

بنگلہ دیشی میڈیا نے دعویٰ کیاہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان سے متعلق معذرت کرلی ۔

بنگلہ دیش کے مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی ، پاک بنگلہ دیشی میچز آئندہ ماہ کراچی میں شیڈول تھے۔

دوسری جانب اس سیریزکے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنگلہ دیش کیخلاف نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ون ڈے اور ٹیسٹ میچ کو منسوخ یا منتقل کرنے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا البتہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کوئی نہ کوئی فیصلہ کرلیں گے۔

وسیم خان نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز تماشائیوں کے بغیر کھیلنے سے متعلق فیصلہ بالکل درست ہے کیونکہ انسانی زندگی کرکٹ سے پہلے ہے اور یہ بہت ضروری ہے کہ ہم کراچی والوں کی ذمے داری لیتے ہوئے ان کا خیال رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کیخلاف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول واحد ون ڈے اور ٹیسٹ میچ کو کسی اورشہر منتقل کرنے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا جبکہ پاکستان کپ کا معاملہ بھی زیرغور ہے اوریہ ایسے معاملات ہیں جن کے بارے میں اگلے 24 گھنٹوں میں غورکیا جائے گا۔