حملے کی ذمے داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ۔فائل فوٹو
حملے کی ذمے داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ۔فائل فوٹو

سعودی دارالحکومت پرمیزائل حملہ۔یمن میں ڈرون تباہ

کرونا وائرس سے دنیا رک گئی مگر یمن اورعرب ممالک میں جاری جنگ نہ رک سکی، سعودی دارالحکومت ریاض پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا گیا ہے جسے سعودی فورسز نے فضا میں ہی تباہ کرکے حملہ ناکام بنادیا۔

دوسری جانب یمن کی جوائنٹ فورسز نے الحدیدہ شہر پر پرواز کرنے والا حوثی باغیوں کا ڈرون بھی تباہ کردیا ہے۔

بین الاقوامی  خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے کرفیو لگے دارالحکومت ریاض پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا گیا۔ حملے کی ذمے داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی تاہم ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی اس سے قبل کئی بار ایسی کارروائیاں کرچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یمن سے حوثی باغیوں کی جانب سے رات گئے دو بیلسٹک میزائل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے، سعودی ائیر ڈیفنس نے دونوں میزائلوں کو کامیابی سے فضا میں تباہ کرتے ہوئے بہترین دفاع کیا۔

باغیوں نے کرونا وائرس کی صورتحال سے جنگ بندی کے باوجود سعودی عرب کے دارالحکومت پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا جبکہ سعودی ائیر ڈیفنس سسٹم نے کامیابی سے دونوں میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا جس سے ریاض کی شہری آبادی محفوظ رہی جبکہ دھماکوں کی آوازوں سے شہرلرزاٹھا۔

اطلاعات کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے ایک میزائل سعودی عرب کے جنوبی شہر جیزان پر بھی داغا گیا اسے بھی سعودی ائیر ڈیفنس سسٹم نے فضا میں تباہ کرتے ہوئے جیزان شہر کا کامیاب دفاع کیا۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے بیشتر افراد نے حوثی باغیوں کی جانب سے اس حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے دفاع میں پاکستانی کمیونٹی سعودی شہریوں کے شانہ بشانہ ہے.

ستمبر2019 میں سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کے بعد سعودی عرب کیخلاف ہونے والی یہ پہلی بڑی کارروائی ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی الاخباریہ کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں لڑنے والےعرب اتحاد نے بھی صرف حملے کا بتایا ہے یہ نہیں کہا کہ اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوروناوائرس سے بچاو کیلئے سعودی دارالحکومت ریاض میں پندرہ گھنٹوں کیلیے کرفیو نافذ کیا گیاہے اسی دوران حملہ کیا گیا جبکہ تین زورداردھماکے بھی سنائی دیے۔

دوسری جانب العربیہ اردو نے دعویٰ کیا ہے کہ  یمن میں جوائنٹ سیکیورٹی فورسزنے کل ہفتے کے روز ساحلی شہر الحدیدہ میں حوثی ملیشیا کا ایک اور ڈرون طیارہ مار گرایا۔ یہ طیارہ جنوبی الحدیدہ میں الدریھی کی فضا میں فائرنگ کرکے گرایا گیا جس کے بعد گذشتہ 8 روز میں الحدیدہ میں مار گرائے ڈرون طیاروں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔