کرسٹیان میئرنے گھرکے پاس ایک لومڑی کو دیکھ لیا جواپنے منہ میں نیلے رنگ کی چپل اٹھائے ہوئے تھی۔فائل فوٹو
کرسٹیان میئرنے گھرکے پاس ایک لومڑی کو دیکھ لیا جواپنے منہ میں نیلے رنگ کی چپل اٹھائے ہوئے تھی۔فائل فوٹو

لومڑی نے سو سے زائد جوتے چوری کرلیے

چالاک لومڑی کے قصے اورکہانیاں تو سب نے بچپن میں بہت سنی ہوں گی لیکن لومڑیوں کے جوتے پہننے کے شوق کا انکشاف ابھی تک کسی کہانی میں نہیں ہوا۔

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایک لومڑی نے انتہائی عقلمندی سے متعدد لوگوں کے گھروں کے باہر رکھے جوتے چرا لیے۔

جرمن میڈیا کی اطلاعات کے مطابق برلن کے جنوبی مشرقی علاقے ثیلنڈورف میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک لومڑی نے مختلف رہائشیوں کے گھروں سے ایک سو زائد جوتے چوری کرلیے۔

اس علاقے میں قائم مختلف گھروں کے باہر سے چپل، سینڈل اوراسنیکر شوز سمیت ہر قسم کے جوتے غائب ہو رہے تھے۔ بعد ازاں ایک مقامی رہائشی کرسٹیان میئر نے آخرکار اس شاطر چوکو بے نقاب کر دیا۔

برلن کے روزنامہ ٹاگیس اشپیگل میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دو ہفتے قبل میئر نے اپنے نت نئے جوتے غائب ہونے کے بعد کمیونٹی کی ایک ویب سائٹ ‘نیبن آن’ پراس بارے میں ایک پوسٹ شائع کی تھی۔ اس کے بعد ان کو معلوم ہوا کہ اس علاقے میں صرف انہی کے جوتے غائب نہیں ہو رہے۔

بعد ازاں کرسٹیان میئرنے گھرکے پاس ایک لومڑی کو دیکھ لیا جواپنے منہ میں نیلے رنگ کی چپل اٹھائے ہوئے تھی۔ وہ جوتوں کی شوقین لومڑی کی تصویر کھینچنے میں کامیاب ہوگئے۔ ان کے بقول، ”منہ میں نیلی چپل کے ساتھ رنگے ہاتھوں چورپکڑا گیا۔”

اس طرح میئر نے رنگ برنگے جوتوں کی چوری کا پتہ چلا لیا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ میئرکوابھی تک اپنے نئے نویلے جوتوں کا پتہ نہیں چل سکا لیکن تین دیگر جوتوں کی جوڑیوں کے مالکان نے اپنے جوتے واپس ملنے کا دعویٰ کردیا ہے۔