مظاہرین پرتشدد رویے کا مظاہرہ کر رہے تھے۔پولیس۔فوٹو سوشل میڈیا
مظاہرین پرتشدد رویے کا مظاہرہ کر رہے تھے۔پولیس۔فوٹو سوشل میڈیا

امریکہ میں نسلی پرستی کے خلاف احتجاجی ریلی

امریکی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں پولیس نے نسل پرستی اورپولیس زیادتیوں کے خلاف مظاہرہ کرنے والے سینکڑوں مظاہرین پرآنسو گیس کے گولے پھینکے اور درجنوں کو گرفتارکرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پورٹ لینڈ میں ہفتے کی رات کو لوگ نسل پرستی اور پولیس زیادتیوں کے خلاف ‘بلیک لائیوز میٹر’ کے مظاہروں کے 100 دن مکمل ہونے پر ریلی نکال رہے تھے۔
جب مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پٹرول بم پھینکے گئے تو پولیس نے ریلی کو ‘ہنگامہ آرائی’ قرار دے کر مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل پھینکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا۔ پولیس حکام نے درجنوں مظاہرین کو گرفتارکرلیا۔
مظاہرین نے بتایا کہ جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد پورٹ لینڈ میں شروع ہونے والے بلیک لائیوز میٹر کے مظاہروں کا یہ 100 واں دن تھا اور وہ (پولیس) ہمیں مارچ سے روکنا چاہتی تھی۔”یہ ہمارا آئینی حق ہے کہ ہم یہاں جمع ہوں اور اپنی رائے کا اظہار کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین پرتشدد رویے کا مظاہرہ کر رہے تھے اورامن وامان کا مسئلہ پیدا کر رہے تھے۔
پورٹ لینڈ پولیس کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ‘یہ ہنگامہ آرائی ہے۔ پولیس مظاہرین کو منتشر ہونے کا کہہ رہی تھی لیکن وہ پولیس پر پٹرول بم پھینک رہے تھے۔’
پورٹ لینڈ میں رات کے وقت ہونے والے مظاہرے رواں سال مئی میں سیاہ فام جارج فلوئیڈ کی سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد شروع ہوئے تھے۔
فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد پورے امریکہ میں مظاہرے ہوئے تھے لیکن چھ لاکھ پچاس ہزار آبادی والے شہر پورٹ لینڈ میں مظاہرین اس وقت سے اب تک انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے رات کے وقت سڑکوں پر رہے۔ خیال رہے پورٹ لینڈ میں 70 فیصد آبادی سفید فام افراد پر مشتمل ہے۔