کے الیکٹرک نے 5 روپے 30 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا۔فائل فوٹو
کے الیکٹرک نے 5 روپے 30 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا۔فائل فوٹو

شہر قائد میں بارش کے قطرے پڑتے ہی بجلی غائب

شہر قائد میں بارش کے باعث 600 فیڈرز ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

تفصیلات کے مبانق کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیزبارش کاسلسلہ جاری ہے، جس کے سبب بجلی کے 600 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

فیڈرزٹرپ کرنے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، متاثرہ علاقوں میں مہران ٹائون کورنگی،نارتھ کراچی، شادمان، ملیر ، سر جانی ، گڈاپ، کاٹھور ، گلشن معمار،گلشن ، اقبال، لانڈھی ،کورنگی،سعودآباد،پاپوش ، کلفٹن،لیاقت آباد،ناظم آباد ، سائٹ،نارتھ ناظم آباد،ایف بی ایریا،کیماڑی ،بلدیہ شامل ہیں۔

 بارش کے ساتھ ہی شہر میں بجلی کی ترسیل کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے، سرجانی ٹاؤن، صدر، اولڈ سٹی ایریا، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی، کورنگی، گولیمار اور دیگر علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بھی بجلی بند ہونے سے شہر کو پانی کی ترسیل میں مصروف 20 پمپ بند ہوگئے، جس کی وجہ سے شہر کو لاکھوں گیلن پانی کی فراہمی بند ہوگئی۔ جب کہ پانی کے بیک پریشر سے ایک بار پھر مین لائن پھٹ گئی ہے، بارش ہونے کے باعث لائن کی مرمت کا کام بھی شروع نہیں کیا جاسکا ہے۔

دوسری جانب ترجمان کےالیکٹرک کاعادتاً کا کہنا ہے کہ شہرمیں بجلی کی فراہمی برقرار ہے، بلدیہ ،سرجانی،کلفٹن اورڈی ایچ اے کے کچھ حصےمتاثرہیں جبکہ گڈاپ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ لگ بھگ 500 فیڈرزکی فراہمی متاثر ہے اور 1400فیڈرز آپریشنل ہیں ، بجلی کی بحالی کیلیے ٹیموں کو متحرک کردیاگیاہے اور دھابیجی میں بجلی کی فراہمی کو ترجیحی بنیاد پر بحال کیا گیا ہے۔

بارش کے دوران بجلی کی فراہمی کے حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، ٹی وی انٹر نیٹ کیبلز ، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔ بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت بارش کے دوران عارضی طور پر کچھ علاقوں میں بجلی بند کی جاسکتی ہے ۔ موسم بہتر ہوتے ہی ان متعلقہ علاقوں میں بجلی بحال کردی جاتی ہے ۔ بجلی سے متعلق شکایت کی صورت میں 118 کال سینٹر، 8119 پر ایس ایم ایس یا کے الیکٹرک سوشل میڈیا پلیٹ فورم پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔