اپوزیشن ایک ہی مارچ کرے۔شیخ رشید

راولپنڈی:وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ جو ہاتھ عمران خان کے سر پر ہے وہ ان کے سرپر بھی ہو، لیکن یاد رکھیں وہ ان کے سرکی بجائے گریبان پر آئے گا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے ریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کے مہمان بھی پریڈ دیکھنے آئیں گے ،خزانے کو اتنا لوٹا گیا کہ آئی ایم ایف کے سخت شرائط ماننا پڑیں ، خوشی سے کوئی بھی آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاتا، اپوزیشن دو، دو لانگ مارچ کر رہی ہے ،اپوزیشن ایک ہی مارچ کرے تا کہ ٹوکرا آپ پر رکھ سکیں ، آئندہ چند  ماہ میں مہنگائی کا مکو ٹھپ دیں گے یعنی خاتمہ کر دینگے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت گرنے کا ساڑھے تین سال سےسنتے آ رہے ہیں ، ہم نے 14 ماہ کی ڈیڈ لائن بھی سنی ، 18 اور 22ماہ کی بھی سنی لیکن آپ دیکھیں کہ ساڑھے تین سال سے حکومت چل رہی  ہے ، اپریل سے روزے شروع ہو رہے ہیں ، چوتھا سال ایسے گزر جانا ہے جبکہ پانچواں سال انتخابات کا ہے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم بھی عوامی حلقوں میں رہتے ہیں ، عوام سے ملتے ہیں ہم آسمان پر نہیں بیٹھے ،  مہنگائی میں کمی لائی جائے گی ۔ افغان بارڈر پر26 سو کلو میٹر باڑ لگ چکی ہے ، 21 کلو میٹر باڑ رضا مندی سے لگ جائے گی ، ملک میں بیروزگاری کا مسئلہ ہے ، میں یہاں بیٹھ کر یہ نہیں کہہ سکتاکہ  بیروزگاری کا مسئلہ نہیں ہے ، ہم نے ایف آئی اے میں چند ہزار کی نوکریاں  کھولیں تو لاکھوں درخواستیں موصول ہوئیں ، اگلی کابینہ میں نوکری کی عمر 35 سال تک رکھیں گے تا کہ عوام کو تسلی ہو کہ ان کی عمر نہیں گزرتی جا رہی ۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ شہباز شریف ، نواز شریف سے زیادہ  کرپٹ ہیں ،میں بچوں سے نہیں الجھنا چاہتا ،  نواز شریف  برسات کےموسم کے منتظر ہیں ۔