غلط معلومات سے مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔فائل فوٹو
غلط معلومات سے مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔فائل فوٹو

حکومت نے پٹرول مزید 3 روپے مہنگا کردیا

اسلام آباد :تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے نئے سال میں مسلسل دوسری مرتبہ عوام پر پٹرول بم گرا دیا۔پٹرول کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر فی لیٹر 3 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے ایک پیسے فی لیٹرکا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 147 روپے 83 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 روپے اضافے کے بعد 144 روپے 62 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے اضافے کے بعد 116 روپے 48 پیسے فی لیٹر ہوگی۔لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 3 روپے 33 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 114 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقررکی گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم کا کہنا تھاکہ ایک دفعہ پھر وزیر اعظم نے اوگرا کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچلھے 15 دن میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ ہوا مگر حکومت نے 2 فیصد صرف اضافہ کیا۔

یاد رہے کہ 15 روز قبل بھی حکومت کی طرف سے نئے سال پر مہنگائی کا تحفہ دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات 4 روپے 15 پیسے تک مہنگی کردی گئی تھی۔