عمران خان کو آرمی چیف کے تقرر کی بہت تکلیف ہے- مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط تسلیم کرکے ملک کی معیشت تباہ کردی تاہم شہباز شریف ٹریک پر لانے میں کامیاب ہوں گے ۔

پنجاب کے شہر چشتیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پتا نہیں اس جنگلی انسان کی تربیت کہاں ہوئی ہے جس کو یہ تک پتا نہیں کہ اپنی ماں، بہن، بیٹی کو کتنی عزت سے پکارتے ہیں تو اس انسان سے کیا شکوہ کرنا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف چشتیاں میں آکر گالیاں دے کر گیا مگر اپنی کوئی کاکردگی نہیں بتائی جبکہ نواز شریف کے منصوبے گنے جائیں تو ختم نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل یہ شخص کہتا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر ہونی چاہیے، بندہ اس سے پوچھے کہ کیا تہمارا تقرر میرٹ پر ہوا تھا جو تم میرٹ کی بات کرتے ہو، تمہارا تقرر کرنے کے لیے تو آر ٹی ایس بند کرنا پڑا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ میں افواج پاکستان پر ایسی تنقید کرتا ہوں جیسے پاب اولاد پر کرتا ہے، تہماری اولاد تو کب سے لندن میں رل رہی ہے، پہلے ان کی جا کر خبر لو پھر نئی اولاد بنانا، کبھی ان کا باپ بن جاتا ہے اور کبھی ضرورت پڑتی ہے تو اولاد بن جاتا ہے۔