گلبہارمیں عمارت گرانے کا تنازعہ، فائرنگ سے بلڈر جاں بحق

کراچی: گلبہار کے علاقہ میں فائرنگ سے بلڈر جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گلبہار ناظم آباد نمبر 2 نمبر ملٹی چوک کے قریب زیر تعمیر عمارت کو منہدم کرنے کے لیے ایس بی سی اے کا عملہ پہنچا تھا۔ اس دوران عمارت کی اوپری منزل کو توڑنے کے دوران جھگڑا ہوا اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

ایس ایچ او گلبہار رضوان شاہ نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 40 سالہ کاشف ولد جمیل کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا تھا تاہم فوری طور پر فائرنگ میں ملوث کسی کی بھی گرفتار عمل میں نہیں آسکی ،اطلاعات کے مطابق مقتول کاشف مقامی بلڈر ہے جو کہ ایس بی سی اے حکام کے ہمراہ عمارت گرانے کے لیے آیا تھا۔

مقتول نارتھ ناظم آباد کا رہائشی اور دو بچوں کا باپ بتایا جاتا ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ جس گراؤنڈ پلس 2 عمارت کو غیر قانونی قرار دے کر توڑا جا رہا تھا وہ انس اور علی نامی بھائیوں کی تھی اور اسے نہ توڑنے کے لیے مبینہ طور پر بھاری رشوت کا بھی مطالبہ سامنے آیا تھا۔