طاقتور کا احتساب اور قانون کی بالادستی سے ملک آگے بڑھے گا، سراج الحق

لاہور(اُمت نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی حکومتیں این آر او کے ذریعے قائم ہوئیں، دونوں اطراف نے عالمی ایجنڈے کو آگے بڑھایا۔

منصورہ لاہور میں مرکزی نظم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ معیشت کی تباہی کے بعد حکمران معاشرے کو مغرب زدہ بنانے کی سازشوں میں آلہ کار بنے ہوئے ہیں، تینوں بڑی جماعتوں کی نااہلی اور ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی نسلیں غیر ملکی سودی قرضوں کی دلدل میں پھنس گئیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، بے روزگاری سے لاکھوں نوجوان حالات سے تنگ مایوس اور ڈپریشن کا شکار اورہزاروں ملک چھوڑ رہے ہیں، عوام کا عدالتوں پر اعتماد اٹھ چکا ہے، طاقتور کے احتساب اور آئین و قانون کی بالادستی سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سات دہائیوں سے ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے، باربار اقتدار میں آنے والی بڑی سیاسی جماعتوں نے عوام کو مایوسیوں اور محرومیوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ نام نہاد جمہوری ادوار اور مارشل لاز کی حکومتیں ڈلیور کرنے میں ناکام ہوگئیں۔