اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، ایک فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس: فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی سے ایک فلسطینی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شمال مغربی کنارے کے شہر نابلس کے نزدیک قراوت بنی حسن میں ہونے والی جھڑپوں میں دو فلسطینی شدید زخمی ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ زخمی ہونے والے 30 سالہ مجاہد داؤد زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔  دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے روایتی بیان میں کہا کہ مشتبہ افراد نے فوجیوں پر پتھر پھینکے جس پر فوج نے پرتشدد ہنگامہ کرنے والوں پر جوابی فائرنگ کی۔

اقوام متحدہ کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک 100 سے زائد فلسطینی جنگجو اور شہری جاں بحق ہوگئے ہیں جہاں مقبوضہ مغربی کنارے میں تقریباً سات برسوں میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔