ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: زمبابوے کے ہاتھوں پاکستان کو ایک اور شکست

آسٹریلیا(اُمت نیوز)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں گروپ ٹو کے اہم میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی۔
قومی ٹیم کے بیٹرز زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا چھوٹا ہدف حاصل کرنے میں بھی ناکام رہے۔
پرتھ میں کھیلے جارہے اس میچ میں زمبابوے کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 130 رنز بنائے تھے۔
قومی بیٹرز ہدف کے تعاقب میں ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہے اور وقفے وقفے سے قومی بیٹرز وکٹیں گنواتے رہے۔
قومی ٹیم 95 رنز پر 6 وکٹوں سے ہی محروم ہوگئی تھی تاہم ایسے میں محمد نواز اور محمد وسیم نے ٹیم کو ہدف کے قریب کرنے کی کوشش کی جس میں دونوں کافی حد تک کامیاب بھی رہے، تاہم آخری اوور میں محمد نواز بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ناکام رہے اور آؤٹ ہوگئے۔
ٹیم کو جیت کے لیے آخری گیند پر 3 رنز درکار تھے تو ایسے میں شاہین آفریدی دوسرا رن بنانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے اور یوں زمبابوے نے یہ میچ ایک رنز سے اپنے نام کرلیا۔
واضح رہے کہ یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں زمبابوبے کی پاکستان کے خلاف دوسری کامیابی ہے۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے اور محمد نواز نے 22 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئے، جنہوں نے اپنے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں لے کر میچ کا رخ بدل دیا۔
ان کے علاوہ بریڈ ایونس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بلیسنگ موزاربانی اور لیوک جونگوی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
زمبابوے کے سکندر رضا کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل زمبابوے کے بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو تیز آغاز فراہم کیا تاہم پانچویں اوور میں حارث رؤف نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی۔
حارث نے 42 کے مجموعے پر 19 رنز بنانے والے کریگ ایروائن کو کیچ آؤٹ کروادیا۔ جبکہ اگلے ہی اوور میں محمد وسیم نے اوپنر ایسلے مدھیویر کو بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے زمبابوے کی اسپیڈ کو بریک لگائی۔
زمبابوے کی ٹیم نے پاور پلے کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 47 رنز بنائے۔
زمبابوے کو تیسرا نقصان پر ملٹن شمبا کی صوت میں 64 رنز پر اٹھانا پڑا، تاہم اس کے بعد سکندر رضا اور شان ولیمنز نے اپنی ٹیم کو دوبارہ سنبھال لی۔
پاکستانی بولرز ایک مرتبہ پھر اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے 95 کے اسکور پر یکے بعد دیگرے 4 مزید وکٹیں لینے میں کامیاب ہوگئے۔
پہلے شاداب خان نے دو پھر اس کے بعد محمد وسیم جونیئر نے دو وکٹیں لے کر زمبابوے کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔
اس کے بعد ریان برل اور بریڈ ایونز نے آٹھویں وکٹ پر 31 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر زمبابوے کے لیے قیمتی رنز جوڑے، تاہم پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے باعث زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بناسکی۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر 4 وکٹیں لے کر کامیاب ترین بولر ٹھہرے، شاداب خان 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ ایک وکٹ حارث رؤف کے حصے میں آئی۔