پولیس چیف کا کراچی میں اسٹریٹ کرائم بڑھنےکا اعتراف

کراچی(امت نیوز)کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم میں اضافے کا اعتراف کرلیا۔ بتایا کہ 2022 میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں 7فیصد اضافہ ہوا ۔109بے گناہ شہری جان سےہاتھ دھو بیٹھے

میڈیا سےگفتگو میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہوا، شہر کے لیے اسٹریٹ کرائم سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے، انسانی جانوں کا ضیاع بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2021 سے سال 2022 میں جرائم کی صورتحال میں 15.4 فیصد کمی ہوئی ہے تاہم سال 2022 میں اسٹریٹ کرائم میں 7 فیصد اضافہ ہوا ۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ سال 2022 میں ہاؤس رابری کی وارداتوں میں 14 فیصد کمی ہوئی ۔ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں 8 ہزار 866 ملزمان گرفتار ہوئے، بھتے کے 110 ملزمان اور گاڑی چھیننے اور چوری کرنے والے 5420 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ سال 2022 میں 889 مقابلوں میں 129 ملزمان ہلاک ہوئے ۔ مجموعی طور پر 38 ہزار 286 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 6 ہزار 946 مختلف اقسام کا اسلحہ اور 90 دستی بم بھی برآمد کیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2022 میں کراچی پولیس نے 8632 منشیات فروش گرفتار کیے گیے۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ سال 2022 میں 58 مقدمات پولیس اہلکاروں اور افسران کے خلاف درج کیے گئے، سال 2022 میں 10 جوان شہید اور 70 زخمی ہوئے،58 مقدمات پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی درج کیے گئے