لائیو اسٹاک سیکٹر میں سندھ کا حصہ 27فیصد ہے، ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک اینڈ فشریز ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر نذیر حسین کلہوڑو نے کہا ہے کہ ملکی لائیو اسٹاک سیکٹر میں سندھ کا حصہ 27فیصد ہے سندھ میں میٹھے پانی کے 1207 ذخائر ہیں جس سے 80لاکھ دیہی خاندانوں میں سے 35 سے 40فیصد کا گزربسر ہوتا ہے۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں ڈیلفا کیٹل شو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نذیر احمد کلہوڑو نے کہا کہ سندھ میں پولٹری اور لائیو اسٹاک فارمنگ کے لیے وسیع اراضی دستیاب ہے جبکہ پولٹری اور لائیو اسٹاک کی بڑی کھپت کی وجہ سے کاروباری مراکز بھی صوبہ میں ہیں۔
صوبہ میں لائیو اسٹاک کے امکانات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ زمین، سمندر اور فضائی راستوں کے ذریعے بین الاقوامی منڈیوں سے منسلک ہے۔ڈاکٹر نذیر نے کہا کہ سندھ میں غریب پرور اور کسان دوست حکومت ہے جبکہ سیاسی نظام میں تسلسل اور پائیدار پالیسیاں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول مہیا کرتی ہیں۔ سندھ میں وسیع پبلک سیکٹر انفرااسٹرکچر کی بدولت 45 ملین گھریلو سطح پر پالے گئے مویشی اور 18نسلوں کی بکریاں اور بھیڑیں پائی جاتی ہیں اس کے علاوہ بیماریوں سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے مویشیوں کی مختلف اقسام کے ساتھ بھینسوں کی بھی کثیر تعداد صوبے میں پائی جاتی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ سندھ میں اعلیٰ تعلیم کے ادارے لائیو اسٹاک سیکٹر کے لیے تکنیکی افرادی قوت تیار کررہے ہیں جبکہ سندھ میں سستی افرادی قوت بھی آسانی سے دستیاب ہے۔ڈاکٹر نذیر نے کہا کہ پنجاب کے مقابلے میں سندھ کی زمین ، پہاڑی سلسلے اور جنگلات زیادہ زرخیز ہے جبکہ دریاﺅں اور نہروں کی وجہ سے زیادہ چارہ دستیاب ہے۔ طرح طرح کے موسم اورآب وہوا کے ساتھ کاروبار کے لیے سازگار انفرااسٹرکچر، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی شکل میں نجی سرمایہ کی آسان دستیابی کی بدولت سندھ کا لائیو اسٹاک کا شعبہ سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع مہیا کرتا ہے۔
ڈیلفا کے سرپرست اعلیٰ حارث مٹھانی نے کہا کہ ڈیلفا کیٹل شو کے اہداف کامیابی سے پورے کیے گئے، ڈیری، ایگری کلچر، لائیو اسٹاک کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے فارمرز اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد کے ساتھ عوام نے بھی تین روزہ شو میں بھرپور شرکت کی۔
شو کے ساتھ منعقدہ سیمینار کے ذریعے فارمرز کو دودھ کی ویلیو ایڈیشن، دودھ کی پراسیسنگ میں جدید ٹیکنالوجی اور پیکجنگ کی جدت، فارم منجمنٹ اور مویشیوں کی صحت اور خوراک کے بارے میں آگہی فراہم کی گئی۔ حارث مٹھانی نے مزید کہا کہ ڈیلفا کیٹل شو سے فارمرز کو حکومتی پالیسیوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں جبکہ فارمرز، مویشیوں کے معالجین، مشین مینوفیکچررز، دودھ کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے انٹرنیشنل اینڈ لوکل خریداروں سمیت اہم اسٹیک ہولڈرز کے درمیان نیٹ ورکنگ کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔
نمائش کے منتظم بدر ایکسپو سلوشنز کے ایم ڈی ذوہیر نصیر نے کہا کہ ڈیلفا شو پاکستان کا سب سے بڑا کیٹل شو ہے جس میں اعلیٰ نسل کے مویشیوں کے ساتھ پرندوں، پالتو جانوروں کی نمائش کی گئی جبکہ خوبصورت جانوروں کا مقابلہ اور اونٹوں گھوڑوں کا شو بھی منعقد کیا گیا۔ذوہیر نصیر نے کہا کہ شو کے ذریعے بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو کنزیوم ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں فارمرز، خوراک بنانے والی کمپنیوں، مشین مینوفیکچررز، مویشیوں کے معالج ماہرین سمیت کیٹل اینڈ ملک انڈسٹری کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ڈیلفا کیٹل شو کا انعقاد بدر ایکسپو سلوشنز کے تحت کیا گیا جس میں 100 سے زائد کمپنوں نے شرکت کی جبکہ بڑی تعداد میں کاروباری وزیٹرز اور عوام نے شرکت کی۔