اسرائیلی وزیر کا عوامی مقامات سے فلسطینی جھنڈے اتارنے کا حکم

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل کے وزیر برائے قومی سلامتی امورایتمار بن گویر نے عوامی مقامات سے فلسطینی جھنڈے اتارنے کا حکم دے دیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز اور فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق ایتمار بن گویر نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ قانون توڑنے والے دہشت گردانہ جھنڈے نہیں لہرا سکتے، دہشت گردی کی حوصلہ افزائی نہیں کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسی وجہ سے میں نے عوامی مقامات سے دہشت گردی کی حمایت کرنے والے جھنڈوں کو ہٹانے اور اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیزی روکنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس ضمن میں عبرانی اخبار ہارٹز نے وضاحت کی ہے کہ بین گویر کا یہ فیصلہ 1948 کی سرزمین کے قصبے عارہ میں منعقد ہونے والی تقاریب میں فلسطینی پرچم بلند کرنے کے متعلق آیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ تقاریب اسرائیلی جیل میں 40 سال گزارنے کے بعد گزشتہ ہفتے رہائی پانے والے فلسطینی قیدی کریم یونس کی آزادی کا جشن منانے کے لیے منعقد کی جارہی ہیں۔