نوجوان کے قاتل ڈکیت سمیت 35 ملزم گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس اور اے وی ایل سی اور سی آئی اے نے مبینہ مقابلوں اور چھاپہ مارکارروائیوں کے دوران قتل ،اقدا م قتل ، کار وموٹرسائیکل لفٹنگ اور منشیات فروشی میں ملوث 3 عورتوں سمیت 35 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات،مسروقہ موٹرسائیکلیں و دیگر سامان برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سچل پولیس نے ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان عبدالرزاق کو قتل کرنے والے ملزم جاوید کو گرفتارکر کے 9 ایم ایم پستول اور 125 موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ملزم کو غیرقانونی اسلحہ ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔

زمان ٹاؤن پولیس نے کورنگی کریک روڈ کار شوروم کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ڈاکو شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے۔پولیس پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔جوابی فائرنگ میں تینوں ڈکیت نعیم ، عبدالوہاب اور سلیمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔پولیس نے کہا کہ ڈاکوؤں سے 3 پستول، 17 چھینے ہوئے موبائل فونز اور 13 پرس برآمد ہوئے ہیں۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب سمن آباد پولیس نے فیڈرل بی ایریا کے بلاک 19 میں افغان گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد سرفراز عرف پاپا کے نام سے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔کورنگی پولیس نے ضیا کالونی میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 ملزمان عابد علی، عبدالباسط اور عرفان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔پولیس نے اسلحہ،مسروقہ سامان اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔کلری پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 زخمیوں میزان ، عباس اور ان کے ساتھی عارف کو گرفتار کرلیا۔لانڈھی پولیس نے سیکٹر36بی میں مبینہ مقابلے کے دوران زخمی حالت میں ملزم یوسف کبیر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے کاز وے پر مبینہ مقابلے کے دوران ڈاکو سلمان کو زخمی حالت میں اس کے ساتھی فرید سمیت گرفتار کرکے 2 پستول ، 4 موبائل فونز ، 12 ہزار روپے نقدی اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی۔نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے درجنوں وارداتوں میں مطلوب 6 ملزمان اسامہ، محمد شہریار، جبران، حمزہ، غفار اور شاہنواز کو گرفتار کرلیا۔پولیس کا دعوی ہے کہ ملزمان ایک شہری غلام نبی کے قتل میں بھی ملوث ہے۔ملزمان سے 4 پستول،4 مسروقہ و چھینی ہوئی موٹرسائیکلیں اور 16 موبائل فون برآمد کرلیے۔

موچکو پولیس نے چھوٹے بچوں کی آڑ میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث 3 عورتوں سمیت 5 ملزمان یاسمین، اس کے شوہر منظورعلی ، مسکان زوجہ صدام، جام زادی زوجہ جان علی اور فیاض کو گرفتارکرکے 12 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل لیاری اورگڈاپ نے 7 ملزمان غلام اللہ،محمد زادہ،شاہ زمان،اسامہ،شاہد عرف شعیب ،کامران اورراشد کو گرفتارکرکے مسروقہ کار،3 مسروقہ موٹرسائیکلیں،اسلحہ ،نقدی اور3 موبائل فونز برآمد کرلیے۔مبینہ ٹاؤن پولیس نے منشیات فروش ذیشان عرف ابراہیم، اورنگی پولیس نے 2 منشیات فروشوں غلام مصطفی، عبدالمجید اورنیو ٹاؤن پولیس نے گٹکا فروش خضر محمد کو گرفتار کرلیا۔