بلدیاتی انتخابات: 3 امیدواروں نے مخالفین کی کامیابی چیلنج کردی

کراچی:  بلدیاتی انتخابات کے بعد نتائج میں مبینہ دھاندلی پر بلدیہ کے 3 جنرل کونسلرز کے 3امیدواروں نے مخالفین کی کامیابی کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ۔

میر محمد رفیق ایڈووکیٹ نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سجاد الرحمان نے یوسی 2 وارڈ کیماڑی ٹاؤن سے الیکشن لڑا ،الیکشن کمیشن نے نتائج تبدیل کرکے پی پی امیدوار عبدالرؤوف کو جتوا دیا، سجاد الرحمان نے 245 جبکہ عبدالروف نے 202 ووٹ لیے ۔

تینوں درخواستیں آج سننے کی استدعا

سید شیر علی شاہ نے وارڈ 4 یوسی ٹو بلدیہ ٹاؤن سے الیکشن لڑا، جماعت اسلامی کے سید شیرنے107جبکہ پی پی امیدوار وزیر محمد نے 102 ووٹ لیے ،نعمت خان نے یوسی 2 وارڈ 2 اتحاد ٹاؤن سے الیکشن لڑا اور 443 ووٹ حاصل کیے جبکہ پی پی سے تعلق رکھنے والے مخالف امیدوار شمیراحمد نے377 ووٹ لیے۔

میر محمد رفیق ایڈووکیٹ نے تینوں درخواستیں آج سننے کی استدعا کی جسے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے سماعت کے لئے انکار کردیا اور حکم دیا کہ ہمارا بینچ سروس کیسز دیکھ رہا ہے متعلقہ بینچ سے رجوع کیا جائے۔